2 مئی 2015 - 08:09
نیپال میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے چھ ہزار سے متجاوز

نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد، ساڑھے چھ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔۔ابنا۔ نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد، ساڑھے چھ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے-
موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ نیپال میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد، چھ ہزار، چھ سو، اکیس، تک جا پہنچی ہے جبکہ  چودہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو ایک ہفتہ پورا ہوگیا- دوسری جانب نیپیال کے دارالحکومت کاٹھمانڈو میں اس ملک کے شہریوں نے دعائیہ تقریب کے دوران شمعیں جلا کر، تباہ کن زلزلے میں، لقمہ اجل بننے والے اپنے ملک کے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا- حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے، مزید کسی فرد کے زندہ بچنے کی، اب کوئی امید نہیں کی جاسکتی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں جن میں بیس سے زائد ملکوں کی امدادی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ کافی افراد، ابھی بھی، لاپتہ بتائے جاتے ہیں- امدادی کاروائیوں کے دوران ملبے تلے زندگی کے آثار کا پتہ لگانے کیلئے، جدید آلات سے مدد لی جارہی ہے۔ جمعرات کی شام کے بعد سے، ملبے کے نیچے سے کسی کو، زندہ  باہر نہیں نکالاجاسکا ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ کیمپوں میں متاثرین کو غذائی اشیا کی کمی، اور پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث، وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲